خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی ایئربیس پرحملے کی منصوبہ بندی ،برطانوی شہری کوعمرقید

لندن(آئی این پی )برطانیہ میں امریکی ایئر بیس پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے کے جرم میں برطانوی شدت پسند کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں امریکی ایئر بیس پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے کے جرم میں برطانوی شدت پسند کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی ہے ۔25 سالہ جنید خان مشرقی انگلینڈ میں امریکا کی سب سے بڑی ایئر بیس کے نزدیک کار حادثے کے بعد اہلکاروں پر چاقو اور بم دھماکے سے حملہ کرنے کا ارادہ رکھتا تھاجسے گزشتہ سال جولائی میں برطانوی پولیس نے گرفتار کیا۔لوٹن میں اس کے گھر کی تلاشی لینے پر اس منصوبے سے متعلق پولیس کو ثبوت بھی ملے۔ جنید خان پر امریکی ایئر بیس پر حملے کی منصوبہ بندی کے ساتھ شام جا کر داعش میں شمولیت کرنے پر بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔