خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی بحریہ کا جدید ڈرون کشتی کا تجربہ

واشنگٹن(آئی این پی )امریکی بحریہ نے تیز رفتار ڈرون کشتی کا تجربہ کرلیا، ڈرون کشتی خاموشی کے ساتھ سمندری حدود میں داخل ہونے والی دشمن سب میرینز کو ڈھونڈ نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی نیوی نے انتہائی تیز رفتار ڈرون کشتی کا تجربہ کردیا ہے۔ ڈرون کشتی بغیر کسی عملے کے تین ماہ سے زائد عرصے تک سمندر میں رہ سکتی ہے۔ نیول حکام کے مطابق کشتی132 فٹ لمبی ہے اورایک کلومیٹر کے فاصلے سے سمندر میں موجود کسی بھی ایسی سب میرین کا سراغ لگاسکتی ہے جو خاموشی سے داخل ہوئی ہو۔ حکام کے مطابق کشتی کو20 ملین ڈالر کی لاگت سے تیار کیا گیا جو کئی ہزار میل کا سفر بغیر عملے کے طے کرسکتی ہے، جبکہ کشتی کے نام کا اعلان سات اپریل کو کیا جائے گا۔