خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی دستے ’نیوی سیلز ‘ کےلئے رائفلیں کم پڑ گئیں

(اے پی پی) امریکی دستے ’نیوی سیلز ‘ کےلئے ’ اسالٹ‘ رائفلیں کم پڑ گئیں۔ کمانڈوز کو باری باری رائفلیں استعمال کرنا پڑتی ہیں۔امریکی ٹی وی ’فاکس نیوز‘ کے مطابق امریکاکے خصوصی دستے’نیوی سیلز‘ کے نمائندوں نے ری پبلک پارٹی میں شامل سینٹر دنکن ہنٹر سے شکایت کی ہے کہ انہیں اسالٹ رائفلوں کی کمی کا سامنا ہے۔ کمانڈوز کا کہنا ہے کہ انہیں باری باری اسالٹ رائفلیں استعال کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ انہیں خصوصی آپریشنز کے لیے ہی رائفلیں دی جاتی ہیں جبکہ اپنے اڈے پر واپسی کے بعد انہیں رائفلیں واپس کرنی پڑتی ہیں تاکہ خصوصی آپریشن شروع کرنے والے اگلے گروپ میں شامل کمانڈوز یہ رائفلیں لے سکیں۔ اسالٹ رائفل پیچیدہ اسلحہ ہے جس کو ہر فوجی اپنے اپنے طریقے سے استعمال کرتا ہے۔ سینٹر ہنٹر کے مطابق رائفلوں کی کمی کی وجہ رقوم کی کمی نہیں ہے کیونکہ نائن الیون حملوں کے بعد سے امریکی کانگریس کئی بار دفاعی اخراجات میں اضافہ کر چکی ہے۔ مزید برآں امریکی کمانڈوز عموما ً ایم 4 رائفل استعمال کرتے ہیں جس کی قیمت ایک ہزار ڈالر سے کم ہے۔ ٹامپا، فلوریڈا میں خصوصی آپریشنز کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف ووٹرل کا کہنا ہے کہ رائفلوں کی کمی کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ اس وقت رائفلوں کی ایک بڑی کھیپ کی تجدید کا عمل جاری ہے۔