ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستان کیلئے دفاعی اخراجات کے بل میں بھاری کٹوٹی کرتے ہوئے امداد ستر کروڑ ڈالر سے کم کرکے پندرہ کروڑ ڈالر کردی گئی، جب کہ حقانی نیٹ ورک اور لشکر طیبہ کیخلاف کارروائی کی شرط ختم کردی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی دفاعی بجٹ میں پاکستان کی امداد میں کٹوتی کے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ امریکی سینیٹ نے سات سو سولہ ارب ڈالر کے دفاعی بجٹ کی منظوری دی ہے۔
بِل میں پاکستان کے لیے فوجی امداد کی مد میں پندرہ کروڑ ڈالر مختص کیے گئے ہیں، جو پاکستان کو اپنی سرحدوں کی سیکیورٹی بہتر بنانے کے لئے دیئے جائیں گے۔
گزشتہ سال امریکا نے اپنے دفاعی بجٹ میں پاکستان کے لیے”کولیشن سپورٹ فنڈ” کی مد میں ستر کروڑ ڈالر مختص کیے تھے۔ بل میں امریکی امداد طالبان کے خلاف کارروائی سے مشروط کرنے کی شق ختم کر دی گئی ہے۔ امریکی سینیٹ نے نیشنل ڈیفنس آتھورائزیشن ایکٹ نامی یہ بل دس کے مقابلے میں پچیاسی ووٹوں سے منظور کیا۔