خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی دفاعی کمپنی بھارت میں ایف 16 جیٹ طیاروں کی تیاری کی خواہشمند

واشنگٹن (ملت + آئی این پی) امریکی دفاعی کمپنی لاک ہیڈ مارٹننے بھارت میں ایف 16 جیٹ طیاروں کی تیاری کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف 16جنگی طیاروں کی پیداوار بھارت منتقل کی جائے، ٹرمپ انتظامیہ سے پیش کش پر ازسرنو غور کے خواہاں ہیں ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مقامی کمپنیوں کی بیرون ملک دفاعی پیداوار پر اعتراض کے باوجود امریکی دفاعی کمپنی بھارت میں ایف 16 جیٹ طیاروں کی تیاری کی خواہشمند ہے۔ بتایا گیا ہے کہ امریکی دفاعی فرم لاک ہیڈ مارٹن کی خواہش ہے کہ ایف 16جنگی طیاروں کی پیداوار بھارت منتقل کی جائے تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ سے پیش کش پر ازسرنو غور کی خواہاں ہے۔ کمپنی پینٹاگون کی طرف سے ایف 16جیٹ طیاروں کے مزید آرڈر نہ ہونے کی وجہ سے فورٹ ورتھ ٹیکساس پلانٹ کو ففتھ جنریشن 5Gایف 35جوائنٹ سٹرائیک جنگی طیاروں کی پیداوار کیلئے استعمال کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ یہ طیارے امریکی ایئرفورس خرید رہی ہے۔ جیسے ہی بھارتی حکومت اپنی فضائیہ کیلئے درکار 100ایف 16جنگی طیاروں کا آرڈر دینے پر رضامند ہوتی ہے، لاک ہیڈ فرم ایف 16 کی تیاری کا کام بھارت منتقل کر دے گی۔ ٹرمپ نے پیداوار اور تیاری کے عمل کو بیرون ملک منتقل کرنے پر امریکی کمپنیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا تاہم لاک ہیڈ فرم کے حوالے سے معاملہ الٹ ہے کیونکہ امریکی دفاعی کمپنی ہندوستان میں تیار ہونے والے طیارے ہندوستان کو ہی فروخت کرے گی۔