خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی ذرائع ابلاغ کاجنرل قمرجاوید باجوہ کا زبردست خیرمقدم

نیویارک: (ملت+اے پی پی) امریکی ذرائع ابلاغ نے پاک فوج کے نئے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ کو جمہوریت پسند قرار دیتے ہوئے ان کا زبردست خیرمقدم کیا ہے اورسبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل(ر) راحیل شریف کو ملک میں امن کی بحالی اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں قائدانہ کردار اور ان کے پروفیشنلزم پر زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ نیویارک ٹائمز نے لکھا ہے کہ جنرل قمرجاوید باجوہ کو ٹھوس عسکری ساکھ اور سویلین برتری پر پختہ یقین رکھنے والے فوجی کمانڈر ہیں، ان کو سرحدوں پرجھڑپوں اور بھارت سمیت ہمسایہ ممالک سے خراب ہوئے تعلقات اور اندرون ملک عسکریت پسندوں جیسے چیلنجز درپیش ہیں اور امید ہے وہ اپنے اصولوں پرکاربند رہیں گے۔ ایک اور معروف امریکی روزنامے سے وال سٹریٹ جنرل نے لکھا ہے کہ جنرل(ر) راحیل شریف1996ء کے بعد اپنی تین سالہ مدت پوری کرکے ریٹائر ہونے والے پہلے فوجی سربراہ ہیں۔1913ء میں پاکستان میں اقتدار پرامن انداز میں منتخب حکومت کو منتقل کیا گیا۔ فوجی کمان کی بھی معروف طریقے سے تبدیلی کے باعث پاکستان استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ واشنگٹن پوسٹ نے لکھا ہے کہ جنرل قمرجاوید باجوہ جمہوریت پسند کمانڈر ہیں، جنرل (ر) راحیل شریف کے مدت ملازمت پوری ہون پر ریٹائرمنٹ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کا ثبوت ہے۔