خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی ریاست میں مسلمان امریکی خاتون کامیاب

میری لینڈ (ملت + آئی این پی) امریکی ریاست میری لینڈ کے انتخاب میں مسلمان امریکی خاتون راحیلہ احمد نے کامیابی حاصل کرلی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست میری لینڈ کے علاقے پرنس جارج میں مقامی انتظامیہ کے ہونے والے انتخابات میں تیئس سالہ مسلمان امریکی خاتون جیت گئی، انہوں نے سکول بورڈ کے انتخاب میں اپنے حریف کو 15 فیصد ووٹوں سے شکست دی۔راحیلہ احمد کے والدین کا تعلق بھارت اور پاکستان سے ہے، انکی والدہ پاکستانی اور والد بھارت کے رہنے والے ہیں۔کامیابی کے بعد راحیلہ کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے کامیابی کے بعد ایک حجاب والی مسلمان خاتون کی کامیابی سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکیوں کی سوچ میں اب بھی کتنا فرق پایا جاتا ہے۔خیال رہے کہ راحیلہ احمد کو چار سال قبل اسی انتخاب میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔واضح رہے کہ راحیلہ احمد کو یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ وہ نہ صرف ریاست میری لینڈ کی پرنس جارج کانٹی کے اسکول ڈسڑکٹ بورڈ کی طرف سے نامزد ہونے والی سب سے کم عمر رکن ہیں، بلکہ وہ ایک امریکن مسلم بھی ہیں۔راحیلہ احمد کی چھوٹی بہن شبنم احمد بھی تعلیمی بورڈ میں اپنی کانٹی کے تمام اسکولوں کے منتخب نمائندے کے طور پر کام کر چکی ہیں۔