خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں جنگلات میں آتشزدگی جاری

واشنگٹن: (اے پی پی) امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا میں جنگلات میں آتشزدگی کا سلسلہ تا حال جاری ہے۔ امریکا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا میں درجہ حرارت میں اچانک شدت آنے سے ریاستکیلی فورنیا کے مختلف علاقوں میں آگ لگنے کے واقعات پیش آ رہے ہیں جو علاقوں میں آبادی کے لئے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ گزشتہ ہفتے کے آخر میں ڈاورٹ اور آزوسا شہروں کے قرب و جوار میں سان گیبریل پہاڑوں سے شروع ہونے والی اور تیزی سے آبادی کی طرف بڑھنے والی آگ نے 2 ہزار ایکڑ اراضی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔لاس اینجلس نیشنل فوریسٹ میں لگی آگ کی وجہ سے بھی 858 گھروں کو خالی کر لیا ہے۔سان ڈیاگو کے جنوب مشرق میں میکسیکو کی سرحد کے قریب پیٹریرو کے علاقے میں بھی آگ کی وجہ سے سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔3روز سے جاری آگ نے 2 ہزار 500 ہیکٹر اراضی کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، اس وقت تک 13 گھر آگ کی وجہ سے ناقابل استعمال حالت میں آ گئے ہیں اور ۱ ہزار کے قریب گھروں کو آگ کے خطرے کی وجہ سے خالی کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق سان ڈیاگو میں جاری آگ پر ابھی تک صرف 15 فیصد کی شرح سے کنٹرول پایا جا سکا ہے۔