خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی ریاست ہوائی میں میزائل کا غلط الارم بج گیا

امریکی ریاست ہوائی میں میزائل کا غلط الارم بج گیا

ہوائی: (ملت آن لائن) امریکا کی ریاست ہوائی پر میزائل حملہ ہو گیا، غلط الارم بجنے سے افراتفری پھیل گئی اور حکام کی دوڑیں لگ گئیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا، گورنر نے غلطی پر معذرت کر لی۔ بھاگو، دوڑو، زیر زمین پناہ گاہ میں چھپ جاؤ، یہ پیغام ملنا تھا کہ شہر میں بھگدڑ مچ گئی۔ امریکا کی ریاست ہوائی پر حملے کی خبر نے لوگوں کی دوڑیں لگوا دیں۔ سوشل میڈیا پر خبر چلی کہ ریاست ہوائی پر بیلسٹک میزائل حملہ ہونے والا ہے، فوری طور پر قریبی پناہ گاہ میں چلے جائیں۔ یہ وارننگ ہوائی میں رہنے والے کچھ افراد کو موبائل فونز پر بھی موصول ہوئی۔ اس سے پہلے کہ گڑبڑ ہوتی، حکام نے فوری طور پر تردید کر دی۔ ان کا کہنا تھا یہ پیغام ایک مشق کا حصہ تھا لیکن غلطی سے یہ کچھ شہریوں کے موبائل فون پر چلا گیا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبر سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ادھر ریاست ہوائی کے گورنر نے بھی غلط خبر پر عوام سے معذرت کر لی ہے۔

………………………

اس خبر کو بھی پڑیے…دنیا کے مختلف ملکوں میں شدید سردی کی لہر جاری

واشنگٹن: (ملت آن لائن) جاپان میں برفباری کے باعث امتحانات ملتوی کرنا پڑ گئے جبکہ ٹھٹھرتے برطانیہ کو ویک اینڈ پر مزید برفباری کا سامنا ہے۔ امریکا میں نہر کا پانی جم گیا۔ امریکا، یورپ اور ایشیا سمیت ہر جانب شدید سردی کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔ جاپان کے مغربی علاقے شدید برفباری کی لپیٹ میں ہیں۔ نی ای گاتا شہر میں پاسٹھ سینٹی میٹر برف نے کالج امتحانات بھی ملتوی کروا دیئے۔ گزشتہ برس پورے موسم سرما کی برفباری کے برابر ہوئی برف باری سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ دوسری جانب برطانیہ والے ایک بار پھر شدید موسم کے لیے تیار ہو جائیں کیونکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے شمالی قطب سے آنے والی ہوائیں آج سکاٹ لینڈ سے ٹکرا جائیں گی۔ گرین وِل میں شدید برفباری نے کاروبار زندگی پہلے ہی معطل کر رکھا ہے۔ امریکا کی ریاست میساچیوسٹس کی کیپ کوڈ نہر میں جمے پانی کے ٹکڑے ٹوٹ کر بہنے لگے۔