خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی سینیٹ میں روسی جاسوسی کی تحقیقات کا اعلان

واشنگٹن:(ملت+ (اے پی پی) امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی نے حالیہ صدارتی انتخابات میں مبینہ روسی جاسوسی کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کی جانب سے گذشتہ روز جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 2016ء کے انتخابات میں روسی مداخلت بارے امریکی انٹیلی جنس کی رپورٹ کے بعد یہ معاملہ بہت زیادہ گھمبیر ہوچکا ہے اور اس ضمن میں جامع تحقیقات کی ضرورت ہے۔ امریکا کی دونوں بڑی سیاسی جماعتیں ڈیموکریٹک پارٹی اور ریپبلکن پارٹی کے اراکین اس طرح کی تحقیقات کی حمایت کررہے ہیں۔ امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی رائے ہے کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کیلئے براہ راست احکامات دیئے تھے ۔