خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی شہری کا داعش کی مدد کی کوشش کا اعتراف،20 برس قید کی سزا ہو سکتی ہے

واشنگٹن ۔ 18 اکتوبر (ملت + اے پی پی) امریکی ریاست ورجینیا کے ایک شخص نے داعش کے شدت پسندوں کی مدد کرنے کی کوشش کا اعتراف جرم کیا ہے۔جس پر اْنھیں 20 برس قید کی سزا ہو سکتی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے بتایا ہے کہ 26 سالہ حارث قمر نے واشنگٹن ڈی سی میں اکیلے طور پر حملے کرنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے، داعش کے شدت پسندوں کو مدد فراہم کرنے کی کوشش کی۔حارث قمر نے ورجینیا کے شہر الیگزینڈریا کی ایک وفاقی عدالت کو بتایا کہ داعش ککی مدد کے لیے اْنھوں نے سوشل میڈیا پر لوگوں سے رابطے کیے تھے۔وکلائے استغاثہ کا کہنا ہے کہ قمر نے ایک سرکاری مخبر کے ہمراہ واشنگٹن کے علاقے میں تصاویر اتاریں اور فلم کے لیے موزوں امتیازی مقامات کی نشاندہی کی، جس میں پینٹاگان بھی شامل ہے۔محکمہ انصاف نے کہا ہے کہ داعش میں شمولیت اختیار کرنے کی غرض سے قمر بیرونِ ملک سفر کا ارادہ رکھتا تھا۔ تاہم، اْن کے والدین نے اْن سے پاسپورٹ چھین لیا جس کے باعث وہ باہر نہ جا سکا۔