خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی صدر سے فیڈرل ریزرو چیف کی ملاقات،اقتصادی اصلاحات پر پیش رفت بارے تبادلہ خیال

واشنگٹن:(اے پی پی) امریکا کے صدر براک اوباما سے فیڈرل ریزرو کی سربراہ جینیٹ ییلن نے ملاقات کی ،ملاقات میں اقتصادی ترقی اور وال سٹریٹ میں اصلاحات کے نتیجے میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات اوول آفس میں ہوئی جو امریکی معیشت پر مشاورت کا حصہ ہے۔انھوں نے ملاقات کے دوران مختصر اور طویل مدتی شرح نمو، لیبر مارکیٹ کی صورتحال، عدم مساوات اور معیشت کیلئے ممکنہ خطرات بارے تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماؤں نے مالیاتی نظام کے استحکام اور صارفین کے تحفظ کیلئے وال سٹریٹ اصلاحات کے نفاذ میں تسلسل کے ذریعے حاصل ہونے والی نمایاں شرح نمو بارے بھی تبادلہ خیال کیا۔یاد رہے کہ امریکی فیڈرل ریزرو نے پچھلے مہینے اپنے اجلاس میں قرضوں پر سود کی شرح میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔