واشنگٹن:(اے پی پی)امریکی صدر باراک اوباما نے وفاقی اپیلٹ کورٹ کے جج میرک گارلینڈ کو سپریم کورٹ کا جج نامزد کردیا۔ امریکی سینیٹ نامزدگی کی توثیق کرے گا۔ وہائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران صدر اوباما نے نامزدگی کا اعلان کرتے ہوئے جسٹس میرک گارلینڈ کو مثالی جج قرار دیا۔گزشتہ ماہ سپریم کورٹ کے جج اینتونن سکالیا کے انتقال کے بعد یہ نشست خالی ہوگئی تھی۔63سالہ جج میرک گارلینڈ کو اعتدال پسند شخصیت کے طور پر دیکھا جاتا ہے اورری پبلکن پارٹی کے بعض رہنما بھی ان کے معترف ہیں۔ امریکی سپریم کورٹ کے نئے جسٹس کی نامزدگی کے لیے سینیٹ سے توثیق ضروری ہے، تاہم سینیٹ میں ری پبلکن پارٹی کو اکثریت حاصل ہے۔ری پبلکنز نے صدر اوباما سے نئے جج کی تقرری کا معاملہ صدارتی انتخابات تک مؤخر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔