خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی صدر ٹرمپ خلائی مخلوق پر یقین رکھتے ہیں یا نہیں؟

امریکی صدر ٹرمپ خلائی مخلوق پر یقین رکھتے ہیں یا نہیں؟
واشنگٹن:(ملت آن لائن) امریکا میں اڑن طشتریوں کی ایک بار پھر دھوم، صدر ڈونلڈ ٹرمپ تو اس پر یقین رکھتے ہیں لیکن وائٹ ہاؤس ترجمان کو علم نہیں، اڑن طشتریوں اور خلائی مخلوق پر سوال پر دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی۔ کیا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خلائی مخلوق اور اڑن طشتریوں پر یقین رکھتے ہیں؟ کیا وہ ان کے کھوج کے لئے پروگرام دوبارہ شروع کریں گے؟ صحافی نے سوال وائٹ ہاؤس ترجمان سارہ سینڈرز سے کیا مگر جواب کہیں اور سے آنے لگا۔ وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان سینڈرز سے پوچھا گیا کہ کیا صدر خلائی مخلوق اور اڑن طشتریوں پر یقین رکھتے ہیں؟ اور کیا وہ خلائی مخلوق کے کھوج کا پروگرام دوبارہ شروع کریں گے جسے بند کر دیا گیا تھا؟ابھی ترجمان نے جواب دینے کے لئے منہ کھولا ہی تھا کہ ایک صحافی کے فون پر خود کار ایپلی کیشن سری ایکٹو ہو گئی اور اس نے موبائل فون میں محفوظ ٹیلی فون نمبر اور نام پڑھنا شروع کر دیے۔ اس پر سینڈرز نے کہا کہ لگتا ہے ہمارے درمیان ہی کوئی خلائی مخلوق موجود ہے۔ ترجمان نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ صدر ٹرمپ خلائی مخلوق پر یقین رکھتے ہیں یا نہیں؟ وہ اس بارے میں ان سے ضرور دریافت کریں گی۔
دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ دفاع نے ماضی اڑن طشتریوں کے حوالے سے تحقیقات کے لیے خفیہ منصوبہ شروع کیا تھا۔ اس پروگرام کے خالق ڈیموکریٹک پارٹی کے ریٹائرڈ سینیٹر ہیری ریئڈ تھے۔ 2007ء سے 2012ء تک یو ایف او پر تحقیقات کے لیے چلائے جانے والے اس پروگرام کے بارے میں صرف چند افسر ہی آگاہ تھے۔ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے ایک کروڑ 30 لاکھ خفیہ صفحات کو جاری کیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اس منصوبے کی دستاویزات میں اجنبی برق رفتار جہازوں اور فضا میں اڑنے والی غیر شناخت شدہ اشیا کے بارے میں بتایا گیا ہے لیکن سائنسدانوں نے اس پر شکوک و شبہات ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اور اس بات پر زور دیا کہ لازمی نہیں کہ ناقابل وضاحت واقعات خلائی مخلوق کی موجودگی کے شواہد ہوں۔