خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے پہلا خطاب

واشنگٹن (ملت + آئی این پی) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس سے اپنے پہلے خطاب میں نفرت پر مبنی جرائم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیدیں اپنی گرفت مضبوط کر رہی ہیں جن سے امریکہ کی عظمت کا ایک نیا باب کھلنے جا رہا ہے ، ملک کو انتہا پسندوں کیلئے ایک محفوظ پناہ گاہ بننے اورامریکا کے اندر دہشتگردوں کو اڈے بنانے کی اجازت نہیں دے سکتے،دنیا سے شدت پسندی کا خاتمہ اورداعش کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے،جنہیں امریکا آنے کا اعزاز دیا جاتا ہے ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کی حمایت کریں، یہاں کے لوگوں اور اقدار سے پیار کریں،امیگریشن قوانین اور سرحدی تحفظ کے لیے عوام کو جوابدہ ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے پہلی بار خطاب کرتے ہوئے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا وہ یہاں محبت اور اتحاد کا پیغام دینے آئے ہیں۔ امریکا ہر قسم کی برائی اور نفرت انگیزی کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کنساس میں مختلف مذاہب کے لوگوں کو دھمکیوں اور ان کے مقدس مقامات پر حملوں کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا امریکی شہریوں کا تحفظ ان کی ترجیح ہو گی۔ہم نے ملک میں حملے ہوتے دیکھے، بوسٹن سے سان برنارڈینو اور پینٹاگون، یہاں تک کہ ورلڈ ٹریڈ سنٹر بھی۔ ہم نے فرانس میں، بیلجئیم میں، جرمنی میں اور دنیا بھر میں حملے ہوتے دیکھے۔ یہ ہمدردی نہیں بلکہ مجرمانہ غفلت ہے کہ ایسی جگہوں سے لوگوں کو بلا روک ٹوک آنے دیں جن پر نظر نہیں رکھی جا سکتی۔ جنہیں امریکا آنے کا اعزاز دیا جاتا ہے ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کی حمایت کریں، یہاں کے لوگوں اور اقدار سے پیار کریں۔ ہم امریکا کے اندر دہشتگردوں کو اڈے بنانے کی اجازت نہیں دے سکتے اور نہ ہی ملک کو انتہا پسندوں کے لئے ایک محفوظ پناہ گاہ بننے کی اجازت دے سکتے ہیں۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی شہریوں کے لیے نئی نوکریاں پیدا کریں گے۔ انہوں نے کانگریس پر زور دیا کہ انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے ایک کھرب ڈالر سرمایہ کاری کے لئے قانون سازی کریں۔ انہوں نے پیغام دیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں نہ کہ ان کے خلاف کھڑے ہوں۔ امیدیں اپنی گرفت مضبوط کر رہی ہیں، جن سے امریکہ کی عظمت کا ایک نیا باب کھلنے جا رہا ہے۔ٹرمپ نے نام نہاد شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ ہے کی بھی بات کی۔ جب انھوں نے داعش کے متعلق کہا کہ وہ اس برائی کو کرہ ارض سے نیست و نابود کر دیں گے تو اراکین نے زبردست تالیاں بجائیں۔لیکن سب سے زیادہ تالیاں اس وقت بجیں اور لوگوں نے کھڑے ہوکر ان کی تعظیم کی جب انھوں نے اس امریکی کمانڈو کی بیوہ کو خراج تحسین پیش کیا جو یمن میں القاعدہ کے خلاف ایک حالیہ کارروائی میں ہلاک ہوگئے تھے۔صدر ٹرمپ نے کانگریس کو اس بات کے لیے تاکید کی وہ اوباما کیئر کا متبادل پیش کرنے پر کام کرے۔انہوں نے اپنی تقریر کا اختتام کانگریس کے ارکان اور عوام سے امریکا کو ایک بار پھر عظیم بنانے کے لئے ان کا ساتھ دینے کی اپیل پر کیا۔