خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے لئے آوازیں اٹھنے لگیں

واشنگٹن (ملت + آئی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی آوازیں اٹھنے لگیں ، ڈیموکریٹک پارٹی کے کانگریس کے رکن مارک پوکن کا کہنا ہے کہ صدر کے مواخذے کی تحریک سیاسی عمل ہے جس پر غور کیا جاسکتا ہے۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازع فیصلوں کے بعد عوامی سروے اور پیشگوئیوں کے بعد اب ایوان نمائندگان میں بھی ٹرمپ کے مواخذے کی آوازیں سنی جارہی ہیں۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے کانگریس کے رکن مارک یوکن نے ایوان نمائندگان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی معاملات چلانے کے لئے کاروباری مفادات کی تباہ کن پالیسی ناقابل قبول ہے اور اس قسم کی پالیسی طویل المدت میں امریکا کی سیکیورٹی کے لئے خطرے کا باعث بنے گی، وقت آگیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی تقسیم کردہ اور غیرقانونی صدارتی اختیارات کو روکتے ہوئے صدر کے مواخذے کے سیاسی عمل کو اختیار کیا جائے۔مارک یوکن نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے صدارتی حکم نامے کے ذریعے 7 مسلم ممالک کے پناہ گزینوں کے امریکا داخلے کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پابندی کے شکار تمام سات ممالک میں ایک ہی چیز مشترک ہے اوروہ ہے مذہب جب کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ترکی، سعودی عرب اور مصر سے کاروباری مفادات ہیں جو اس پابندی سے متاثر نہیں ہوں گے۔