خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی فضائیہ کا بی 52 بمبارطیارہ گرکرتباہ

واشنگٹن (آن لائن)امریکی فضائیہ کا کہنا ہے کہ اس کا ایک بی 52 بمبار طیارہ بحرالکاہل میں گوام جزیرے میں واقع امریکی اڈے پر گر کر تباہ ہوگیا ہے۔امریکی فضائیہ کے مطابق طیارہ پرواز کے چند لمحوں کے بعد ہی حادثے کا شکار ہوگیا جبکہ عملے کے سات ارکان اس حادثے میں محفوظ رہے ہیں۔یہ حادثہ انڈرسین ایئرفورس بیس پرمقامی وقت کے مطابق آٹھ بج کر 30 منٹ (22:30 جی ایم ٹی) پر پیش آیا۔سوشل میڈیا پر جاری کی گئی تصاویر میں طیارے کے ملبے سے دھوئیں کے بادل دیکھے جاسکتے ہیں۔یہ بمبار طیارہ بحرالکاہل میں واقع امریکی جزیرے میں شمالی ڈیکوٹا سے تعینات کیا گیا تھا اور خطے میں امریکی فوج کے مستقل قیام کا حصہ تھا۔مقامی نیوز سائٹ کوام کے مطابق گوام کے گورنر کے دفتر کی طرف سے جاری کر دیا پیغام میں بتایا گیا کہ ’ہم عوام کو یقین دہانی کرواتے ہیں کہ یہ بظاہر کوئی حملہ نہیں تھا۔‘فضائیہ کی جانب سے مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا تاہم اس کا کہنا تھا کہ اس حادثے سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔خیال رہے کہ ویتنام کی جنگ سے لے کر افغانستان میں فوجی کارروائیوں تک، بی 52 بمبار طیارے امریکی فوج کا گذشتہ 60 سال سے اہم حصہ ہیں۔اس کی ذمہ داری امریکہ کو فوری طور پر عمومی اور جوہری حملوں کی صلاحیت فراہم کرنا ہے۔