امریکی لڑاکا جیٹ طیارہ جاپانی ساحل پر گر کر تباہ ہوگیا
پائلٹ نے بروقت طیارے سے چھلانگ لگا کر جان بچالی،کوشش میں ٹانگ ٹوٹ گئی امریکی پائلٹ کو اسپتال میں داخل کردیا ،حالت خطرے سے باہر ہے ، جاپانی وزیر دفاع
ٹوکیو( ملت آن لائن ) امریکی لڑاکا جیٹ طیارہ جاپان کے ساحل پر گر کر تباہ ہوگیا تاہم پائلٹ نے بروقت طیارے سے چھلانگ لگا کر جان بچالی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی لڑاکا جیٹ طیارے ایف15نے جاپان کے جزیرے اوکیناوا میں واقع کڈینا ایئر بیس سے پرواز کی تھی کہ جنوبی جاپان کے ساحل کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔ پائلٹ نے بروقت طیارے سے چھلانگ کر خود کو بچا لیا تاہم اس کوشش میں اس کی ٹانگ ٹوٹ گئی،جاپان کے وزیردفاع کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی اطلاع بذریعہ وائرلیس موصول ہوئی تھی،اس کے بعد جائے حادثے پر ریسکیو آپریشن کر کے پائلٹ کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے ، حادثے کی وجہ معلوم کرنے کیلیے امریکی حکام نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ،واضح رہے کہ جزیرے اوکیناوا میں واقع کڈینا ایئر بیس امریکا کا جاپان میں سب سے بڑا ایئر بیس ہے ،یہاں 47 ہزار امریکی فوج اہلکار موجود ہیں، گزشتہ برس بھی ایک امریکی طیارہ اسکول پر گر کر تباہ ہو گیا تھا، مقامی آبادی کئی مرتبہ امریکا کے اس ایئربیس کی منتقلی کا مطالبہ کرچکی ہے۔