خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی محکمہ دفاع نےعراق میں اہم داعش کمانڈرکی ہلاکت کی تصدیق کردی

واشنگٹن(آن لائن)امریکی محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ اتحادی ممالک کے فضائی حملے میں عراق کے صوبہ انبار کا داعش کا فوجی امیر ابو وہاب ہلاک ہو گیا ہے۔ محکمہ دفاع کے ترجمان پیٹر کک نے بتایا کہ الانبار میں داعش کے مقامی کمانڈر ابو وہاب کو بغیر پائلٹ کے ڈرون حملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں داعشی کمانڈر اپنے تین ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا۔پیٹر کک کا کہنا تھا کہ ابو وھیب اور اس کے تین ساتھیوں کو اس وقت ایک فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا جب وہ ایک گاڑی پر الانبار میں سفر کررہے تھے۔ تاہم ترجمان نے جائے وقوعہ کی نشاندہی نہیں کی اور نہ ہی اس کارروائی کی مزید تفصیلات بتائی ہیں۔ مقتول کمانڈر ابو وھیب الانبار میں تنظیم کے عسکری امور کا انچار بتایا جاتا ہے۔ داعش کی جانب سے جاری کردہ ویڈیوز میں ابو وھیب کو بھی یرغمالیوں کو ہلاک کرتے دکھایا گیا ہے۔پینٹاگون کے ترجمان کا کہنا ہے کہ الانبار میں داعشی دہشت گرد کی ہلاکت اہم پیش رفت ہے۔ امریکا اور اتحادی داعشی دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے حملے جاری رکھے گا۔خیال رہے کہ امریکا کی قیادت میں گذشتہ سال سے شام اور عراق میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے جاری ہیں جن میں اب تک تنظیم کو خاطر خواہ نقصان پہنچایا جا چکا ہے۔#/s#