خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی مظاہروں سےدوررہیں، غیرملکیوں کوسفارت خانوں سےہدایات

نیویارک (اے پی پی) دنیا کے اکثر ممالک نے امریکہ میں رہنے والے اپنے باشندوں کو پُرتشدد مظاہروں سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ تین ممالک نے سرکاری پریس نوٹ کے ذریعے اپنے باشندوں کو کہا ہے کہ چونکہ امریکہ میں پُرتشدد واقعات رونما ہو رہے ہیں اور وہ ایسے کسی اجتماع یا ہجوم سے دور رہیں جہاں خطرناک صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہو۔ متحدہ عرب امارات نے امریکہ کی مختلف ریاستوں میں مقیم اپنے باشندوں کو خفاظتی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ ایمرجنسی کی صورت میں وہ اپنے قونصل خانوں اور سفارتی عملہ سے فی الفور رجوع کر سکتے ہیں۔ بہاماس نے اپنے سیاہ فام نوجوانوں کو ہر طرح کی احتیاط برتنے کو کہا ہے اور ہجوم سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔ بحرین کے سفارتخانہ نے پریس نوٹ کے ذریعے اپنے شہریوں کو پُرتشدد واقعات سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔ بحرین کے سفیر نے اپنی کیمونٹی کے رہنماوں کو کہا ہے کہ وہ اپنی کیمونٹی کے لوگوں سے رابطے میں رہیں کیونکہ امریکہ کی اکثر ریاستوں میں پُرتشدد واقعات نے ہر طرف ہیجانی کیفیت پیدا کر دی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے امریکہ ایسی ہدایات دوسرے ممالک کے لیے جاری کرتا تھا ۔ بروکلین میں پاکستانی کیمونٹی کے رہنما ملک ناصر اعوان نے ” دنیا نیوز” سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنی کیمونٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ہم نے کیمونٹی کو کہا ہے کہ وہ قانون ہاتھ میں نہ لیں اور پُرتشدد واقعات سے دور رہیں اور اگر کسی کے ساتھ کوئی زیادتی ہورہی ہے تو وہ فوراً علامہ اقبال کیمونٹی افس سے رجوع کرئے ۔