خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی میزائل سسٹم کےتدارک کےلیےلازمی اقدامات کریں گے:روسی صدر

ماسکو :(اے پی پی) روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے یورپ میں امریکی میزائل سسٹم کی تنصیب کو عالمی امن و سلامتی کے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ اعلی فوجی کمانڈروں سے خطاب کرتے ہوئے صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا کہ ان کا ملک امریکی میزائل سسٹم کی تنصیب کے حوالے سے درپیش خطرات کے تدارک کے لیے لازمی اقدامات انجام دے رہا ہے۔روسی صدر نے کہا کہ یورپ میں امریکی اینٹی بیلسٹک میزائل سسٹم عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ اور اسلحہ کی نئی دوڑ شروع کرنے کی سمت ایک قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ روس صرف اس خطرے کو غیر موثر کرنا چاہتا ہے اور وہ اسلحے کی کسی نئی دوڑ میں شریک نہیں ہوگا۔صدر پوتن کا کہنا تھا کہ”اینٹی میزائل سسٹم یورپ میں نصب کر دیا گیا ہے اور ہم مجبور ہوں گے کہ روس کی سلامتی کو درپیش خطرات کے تدارک کے لیے لازمی تدابیر اپنائیں جائیں۔”روسی صدر نے یہ انتباہ ایسے وقت میں دیا ہے جب مشرقی یورپ کے ملک رومانیہ میں امریکی میزائل سسٹم کو فنکشنل کر دیا گیا ہے۔روسی صدر نے ان دعووں کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا کہ یہ میزائل سسٹم ایران کے ممکنہ ایٹمی خطرات کے پیش نظر نصب کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ روس نے میزائل سسٹم کی تنصیب کے حوالے سے امریکہ کو تعاون کی کئی تجاویز پیش کی ہیں لیکن واشنگٹن نے تمام تجاویز مسترد کر دی ہیں۔