خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی کانگریس کی ایران کو طیارے بیچنے کی مخالفت

واشنگٹن: (ملت+اے پی پی) امریکی ممبران کانگریس نے ایک ایسے قانون کو منظوری دی ہے جس کی بنیاد پر حکومت ایران کو تجارتی طیارے بیچنے کا سودا نہیں کرسکتی۔ اس قانون کے مطابق اوباما حکومت کی جانب سے ایران کو تجارتی طیاروں کی فروخت کے حوالے سے دی جانے والی اجازت اور اس سلسلے میں ہونے والے معاہدے منسوخ ہوجائیں گے۔ ان طیاروں کی خریداری کی قیمت کئی ارب ڈالر ہو سکتی تھی۔ رپورٹ کے مطابق امریکی ممبران پارلیمنٹ نے اس سلسلے میں ایک قرارداد پیش کی جس کے حق میں243 اور مخالفت میں 174 ووٹ پڑے۔ امریکی ممبران پارلیمنٹ کے اس قدم کو گذشتہ ستمبر میں امریکی وزارت خزانہ کی جانب سے ایئربس اور بوئینگ کمپنیوں کو تہران کو طیارے بیچنے کی اجازت کی مخالفت سمجھا جا رہا ہے ۔ امریکی ممبران کانگریس کے اس فیصلے کو امریکی سینٹروں کی بھی حمایت درکار ہے ۔امید ہے کہ سینٹ میں موجود ڈیموکریٹ سینٹر اس قرارداد کی سختی سے مخالفت کریں گے اور یقین سے کہا جا سکتا ہے کہ جب یہ بل صدرباراک اوباما کے سامنے پیش کیا جائے گا تو وہ اسے ویٹو کردیں گے۔