خبرنامہ انٹرنیشنل

انتخابات میں مداخلت: روس کے خلاف کارروائی کی جائے گی، اوباما

واشنگٹن (ملت + آئی این پی) امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ صدارتی انتخابات میں مبینہ مداخلت پر روس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔امریکی میڈیا کے مطابق صدر براک اوباما کا کہنا ہے کہ اس بات پر کوئی شک نہیں کہ جب ایک غیر ملکی حکومت انتخابات کی ساکھ پر اثر انداز ہوتی ہے تو ہمیں ایکشن لینے کی ضرورت ہے اور ہم یہ کارروائی اپنی مرضی سے کریں گے، روس کے صدر اس حوالے سے ہمارے جذبات سے واقف ہیں کیونکہ انہوں نے خود ان سے براہ راست اس بارے میں بات کی ہے۔واضح رہے کہ امریکی انٹیلیجنس ادارے نے گزشتہ دنوں دعوی کیا تھا کہ گزشتہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات میں ہیلری کلنٹن کی ڈرامائی شکست کے پیچھے روسی ہیکرز کا ہاتھ ہے اور اس میں روسی حکومت بھی براہ راست ملوث ہے ۔