خبرنامہ انٹرنیشنل

انتخابی مہم اور طرز حکمرانی میں فرق ہوتا ہے: جان کیری

ویلنگٹن: (ملت+اے پی پی) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ نئی امریکی انتظامیہ کو ماحولیاتی تبدیلیوں پر توجہ دینا ہوگی۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر ویلنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران جان کیری نے کہا کہ وہ 20 جنوری کو صدر براک اوباما کے عہدہ صدارت کی مدت ختم ہونے تک پیرس کے تاریخی معاہدے پر عملدرآمد کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکیوں کی اکثریت کو اس بات کا ادراک ہے کہ ماحولیاتی تبدیلییاں درحقیقت وقوع پذیر ہو رہی ہے اور اس معاملے پر توجہ دی جانی چاہیے۔ یاد رہے کہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خیال میں ماحولیاتی تبدیلی ایک چکمہ ہے اور اپنی انتخابی مہم کے دوران وہ اس عزم کا اظہار کرتے دکھائی دیئے کہ وہ گزشتہ سال کے پیرس معاہدے میں امریکا کی شراکت داری کو منسوخ کر دیں گے۔ جان کیری نے کہا کہ ہم انتظار کریں گے کہ نئی انتظامیہ کس طرح اس معاملے کو دیکھتی ہے تاہم میرا خیال ہے کہ ہم درست سمت میں ہیں اور یہی وہ راستہ ہے جس کے لیے امریکی عوام بھی پرعزم ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ انتخابی مہم اور طرز حکمرانی میں فرق ہوتا ہے اور میرا خیال ہے کہ نئی انتظامیہ کو اس معاملے پر اپنی وضاحت پیش کرنے کی ضرورت ہوگی۔