خبرنامہ انٹرنیشنل

اندراگاندھی ایئرپورٹ پر دو طیارے آمنے سامنے آ گئے

ممبئی: (ملت+اے پی پی) اندراگاندھی ایئرپورٹ پر ایک بڑا حادثہ رونما ہوتے ہوتے رہ گیا۔ انڈیگو کا طیارہ لینڈ کرنے کے بعد دھند کے باعث سپائس جیٹ طیارے کے سامنے آگیا۔ مسافروں اور حکام میں خوف وہراس پھیل گیا۔ انڈیگو ایئرلائن کے مطابق لکھنؤ سے دہلی جانے والی فلائٹ 6E-769 کے عملے کی طرف سے ایئرپورٹ پر اس سارے واقعے کے دوران ایئرٹریفک کنٹرول کی ہدایات پر عمل کیا جا رہا تھا۔ ایئرلائن کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا کہ فلائٹ کے عملے نے ایک اور طیارے کو رن وے پر دیکھا تو کپتان نے جہاز کے انجن کو بند کر دیا۔ کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن یہ ایک ہی دن میں دوسرا حادثہ تھا جو ہوتے ہوتے رہ گیا۔ طیارے میں سوار عملے کے ارکان سمیت 176 مسافر محفوظ ہیں۔ انڈیگو سیفٹی ڈیپارٹمنٹ اور ریگولیٹری ادارے کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ سپائس جیٹ کے ترجمان کا بھی کہنا ہے کہ ان کی فلائٹ ایس جی 123 کا عملہ تمام وقت ایئرٹریفک کنٹرول کی ہدایات پر عمل کرتا رہا۔ سپائس جیٹ کے عملے نے جب مخالف سمت سے انڈیگو طیارے کو آتے دیکھا تو فوراً ایئر ٹریفک کنٹرول کو مطلع کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کی حفاظت ہمارا سب سے پہلا فرض ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن حکام نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیااس سے قبل آج صبح بھارت کی مغربی ریاست گوا کے ہوائی اڈے پر مسافر طیارہ رن وے سے پھسل گیا تھا۔ واقعے میں پندرہ مسافر زخمی ہو گئے تھے۔ ایئرلائن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈبولم ہوائی اڈے پر جہاز ٹیک آف کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث رن وے سے پھسل کر کچی زمین پر اتر گیا۔