خبرنامہ انٹرنیشنل

انڈونیشیا میں زلزلہ،25 افراد ہلاک

انڈونیشیا:(ملت+اے پی پی) کے صوبے آچے میں زلزلے سے 25 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے، زلزلے سے کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ زیر زمین آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ زمین میں اس کی گہرائی 17 کلو میٹر تھی۔ زلزلے سے زیادہ متاثر ہونے والے ضلع پیدے جیا کے ڈپٹی چیف کا کہنا ہے کہ اسپتال سے حاصل کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق اب تک درجن سے زائد افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ کئی درجن افراد زخمی ہیں جنہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ادھر انڈونیشیا کے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق زلزلے کے باعث متعدد دکانیں اور عمارتیں تباہ ہوگئیں جس کے باعث درجنوں افراد پھنس گئے جنہیں ہیوی مشینری کی مدد سے باہر نکالا جا رہا ہے۔ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے جو کئی گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے تاہم سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔