جکارتہ ۔ (اے پی پی) انڈونیشیا میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجہ 5افراد ہلاک اور 6 ہزار بے گھر ہو گئے۔انڈونیشیا کی ڈیزاسٹر مینجمینٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجماں ذولفیاٹنو کا کہنا ہے کہ جزیرے سماٹرا میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سولوک،سولوک سلاٹن،اور کوٹا کے علاقے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ سولوک کے علاقے میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی جہاں ملبے سے 4 افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں جبکہ متعدد تاحال لاپتہ ہیں۔انھوں نے کہا کہ مجموعی طورپر 6 ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے ہیں جن میں سے 4 ہزار کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ سو ہیکٹر سے زیادہ رقبے پر کھڑی چاول کی فصل سیلاب سے تباہ ہو گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں فوج، پولیس،اور ریڈ کراس کی ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔