جکارتہ(آئی این پی ) انڈونیشیا کا فوجی طیارہ آزمائشی پرواز کے دوران گنجان آباد علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے کے پائلٹ سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک پائلٹ لاپتہ ہے ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق انڈونیشیا کا ایک فوجی طیارہ آزمائشی پرواز کے دوران مشرقی جاوا کے ایک گنجان آباد علاقے میں ایک مکان سے جا ٹکرایا۔ طیارے کا پائلٹ کے علاوہ اس مکان کے دو رہائشی، ایک خاتون اور ایک مرد ہلاک ہو گئے ۔ ایک ایئر فورس کمانڈر جوکو سینو پوترو کے مطابق جاوا کے علاقے مالانگ میں قائم عبدل الرحمان صالح ایئر بیس سے آزمائشی پرواز کے لیے اْڑنے والا یہ فوجی طیارہ 45 منٹ تک پرواز کرتا رہا جس کے بعد اْس کا زمینی عملے سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ اس طیارے میں ایک پائلٹ اور ایک انجینیئر سوار تھے۔ انجینیئر ہنوز لاپتہ ہے جس کی تلاش شروع کردی گئی ہے ۔