خبرنامہ انٹرنیشنل

انڈونیشیا کی فضائیہ کا سی 130 طیارہ گر کر تباہ، 13 افراد ہلاک

جکارتہ: (ملت+اے پی پی) غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق انڈونیشیا کی فضائیہ کا سی 130 طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں طیارے کے عملے سمیت تیرہ افراد مارے گئے۔ حکام کے مطابق طیارہ پاپوا کے قریب گر کر تباہ ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کا حادثے سے قبل کنٹرول ٹاور سے رابطہ بھی بحال نہ ہو سکا تھا۔ طیارے میں تین پائلٹس، آٹھ ٹیکنیشن، ایک نیویگیٹر اور ایک فوجی افسر سوار تھے۔ حادثے سے قبل علاقے میں خراب موسم سے متعلق پیش گوئی نہیں کی گئی تھی۔ انڈونیشیا فضائیہ کے حکام کے مطابق طیارے کا ملبہ تلاش کر لیا گیا ہے جبکہ تمام لاشیں بھی ملبے سے نکال لی گئیں ہیں۔ ہرکولیس سی 130 مال بردار طیارے نے ٹیمیکا سے اڑان بھری اور اپنی منزل وامینا سے کچھ ہی دیر پہلے پہاڑ سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا۔