خبرنامہ انٹرنیشنل

انڈونیشیا کے جزیرے لومبوک میں 5.9 شدت کا آفٹرشاک

جکارتہ: (ملت+اے پی پی) انڈونیشیا کے جزیرے لومبوک کو جمعرات کی دوپہر 5.9 شدت کے آفٹرشاک نے ہلا کر رکھ دیا، 4 روز قبل اس جزیرے میں 7 درجے شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجہ میں اموات اب تک 164 ہو چکی ہیں اس زلزلہ کے بعد اس جزیرے پر اب تک 367 آفٹر شاکس محسوس کئے جا چکے ہیں جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔انڈونیشیا کی زلزلہ پیما ایجنسی کے عہدیدار روڈی تیگھو نے کہا ہے کہ جمعرات کو آنے والے آفٹر شاک کی شدت ابتدائی طور پر 6.2 تھی تاہم نظر ثانی پر یہ شدت 5.9 ثابت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ آفٹر شاک مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی دوپہر 12:25 پر آیا، زلزے کا مرکز لومبوک ضلع کے شمال مغرب میں6کلومیٹر کے فاصلے پر زیر زمین 12 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔انہوں نے کہا کہ زلزلے سے سونامی کی لہریں پیدا نہیں ہوئیں جس کی وجہ سے سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔