خبرنامہ انٹرنیشنل

انڈونیشیا میں6.4شدت کا زلزلہ ، 92افراد ہلاک

آچے: (ملت+آئی این پی ) انڈونیشیا کے صوبے آچے میں6.4شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 92افراد ہلاک اور300سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ درجنوں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ،زلزلے سے کئی عمارتیں گرگئیں،متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں،زلزلے کے بعد سونامی وارننگ جاری نہیں کی گئی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے صوبے آچے میں6.4شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 92افراد ہلاک اور300سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق صبح ساڑھے 5 بجے کے قریب آنے والے زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی، جس کی گہرائی 17 کلومیٹر تھی اور اس کا مرکز صوبہ آچے کے شمال میں واقع قصبہ ریولیوٹ تھا۔زلزلے کے نتیجے میں کئی عمارتیں گرگئیں۔زلزلے کے باعث لوگ گھبرا کر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔دوسری جانب انڈونیشیا کے محکمہ موسمیات اور جیوفزکس ایجنسی کا کہنا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں سونامی کا خطرہ نہیں ہے۔زلزلے کے مرکز کے قریب واقع ضلع پیدی جایا کے چیف ایوب عباس نے بتایا کہ صرف اس ایک ضلع میں ہی 25 ہلاکتیں ہوئیں، انھوں نے بتایا کہ سیکڑوں افراد زخمی ہیں جبکہ 40 سے زائد عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں۔عباس کا مزید کہنا تھا کہ عمارتوں کے بھاری ملبے کو ہٹانے اور ایمرجنسی سپلائی فراہم کرنے کے لیے آلات اور مشینری کی ضرورت ہے۔زلزلے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں ضلع پیدی جایا پہنچ گئیں اور عمارتوں کے ملبے تلے موجود لوگوں کو نکالنے کا کام شروع کردیا گیا۔انڈونیشیا ایک ایسے خطے میں واقع پے، جہاں زیرِزمین پلیٹس آپس میں ٹکراتی رہتی ہیں، جس کے باعث زلزلے اور آتش فشاں پھٹنے جیسے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔2004 میں انڈونیشیا کے مغربی جزیرے سماٹرا کے قریب آنے والے ایک زلزلے کے بعد سونامی کی وجہ سے تقریبا 170,000 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔2013 میں بھی انڈونیشیا میں 6.1 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے باعث 30 افراد ہلاک ہوئے تھے۔نومبر 2014 میں انڈونیشیا کے مشرقی جزیرے مالوکو میں 7.3 شدت کے زلزلے کے جھٹکوں کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی تھی۔