ماسکو: کروشیا نے روس میں جاری فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
دوسرے سیمی فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد کروشیا نے اضافی وقت میں انگلینڈ کو دو ایک سے شکست دی اور پہلی بار فائنل میں پہنچا۔
ماسکو میں کھیلے گئے سیمی فائنل کا آغاز تیز رفتاری سے ہوا اور انگلینڈ نے پانچویں منٹ میں ہی برتری حاصل کرلی، یہ گول ٹری پیئر نے کارنر کک پر ہیڈ کے ذریعے کیا۔
اس کے بعد کروشین ٹیم نے بھی حملے کیے مگر اُن کے کھلاڑیوں کی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکیں اور پہلے ہاف میں انگلینڈ کو برتری حاصل رہی۔
دوسرے ہاف میں کروشیا کی ٹیم گول برابر کرنے میں کامیاب ہوئی، یہ گول پریچچ نے کیا اور مقررہ وقت میں مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر رہا۔
میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے اضافی وقت دیا گیا، جس کے دوسرے ہاف میں کروشیا کے تجربہ کار اور اسٹار کھلاڑی مینزوکچ نے گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچا کر ٹیم کو برتری دلا دی جو آخر وقت تک قائم رہی۔
یوں کروشیا نے میگا ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، جہاں اتوار 15 جولائی کو اس کا مقابلہ فرانس سے ہوگا۔
دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم ہفتہ 14 جولائی کو پہلے سیمی فائنل میں فرانس سے شکست کھانے والی بیلجیئم سے تیسری پوزیشن کا میچ کھیلے گی۔