واشنگٹن:(اے پی پی)امریکی صدر براک اوباما اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے شام میں جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ روسی اور امریکی صدور کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی۔ اوباما اور پیوٹن نے دہشت گردی کے خلاف متحدہ محاذ تشکیل دینے کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔ادھر ترک فضائیہ کے حملوں میں دو کرد باغیوں کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ وزیراعظم احمد داود اوغلو نے فضائی کارروائی کی تصدیق کی ہے۔سعودی طیارے ترکی پہنچ چکے ہیں تاکہ باغیوں کے خلاف مشترکا کارروائی کی جاسکے۔ سعودی عرب نے جنگی جہازوں کی تعیناتی کی تصدیق کردی ہے۔شام کے مسئلے کے حل کیلئے میونخ میں سیکیورٹی کانفرنس جاری ہے جس میں ترک وزیرخارجہ نے کہا کہ روس شام میں عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
ترکی اور سعودی عرب نے شام میں داعش کے خلاف زمینی کارروائی کا عندیہ دیا ہے جس پر روسی وزیراعظم کا کہنا ہے امریکا اور اسکے حلیفوں نے شام میں زمینی کارروائی کی تو عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے۔