خبرنامہ انٹرنیشنل

اوباما اور نیٹو سیکرٹری کا داعش کیخلاف تعاون پر اتفاق

واشنگٹن:(اے پی پی)امریکی صدر باراک اوباما اور نیٹو کے سیکرٹری نے داعش کے خلاف تعاون پر اتفاق کرلیا،ان کا کہنا تھا کہ یوکرین کے معاملے پر اتحادیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ واشنگٹن میں امریکی صدر باراک اوباما اور نیٹو کے سیکرٹری جنرل جین اسٹول برگ نے ملاقات کی،انھوں نے دنیا بھر میں داعش کے خلاف کارروائیوں کو تیز کرنے پر اتفاق کیا ، ان کا کہنا تھا کہ نیٹو، لیبیا میں داعش کے دہشت گردوں کے خلاف اقدامات کرنے کی اہلیت رکھتا ہے، جبکہ عراق میں سرکاری فوج کی تربیت اور اردن اور دیگر ملکوں میں اہم کردار ادا کیا جائے گا۔ امریکی صدر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لیبیا میں امریکہ انتہا پسندوں کے خلاف کارروائی میں تعاون جاری رکھے گا،نیٹو کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اٹھائیس ممالک پر مشتمل فوجی اتحاد لیبیا سمیت دنیا بھر میں داعش کے خلاف کارروائی کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔