خبرنامہ انٹرنیشنل

اوباما رواں ماہ ہیروشیما کا تاریخی دورہ کریں گے،معافی نہیں مانگیں گے

واشنگٹن(آئی این پی )امریکی صدر براک اوبامارواں ماہ پہلے امریکی صدر ہوں گے جو اپنے دورِ صدارت کے دوران جاپان کے شہر ہیروشیما کا دورہ کریں گے جس پر امریکہ نے 1945 میں ایٹم بم گرایا تھا۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق صدر اوباما 21 سے 28 مئی تک ایشیا کے دورے پر جا رہے ہیں، اور اس دورے میں وہ ویتنام بھی جائیں گے۔امریکہ نے ہیروشیما پر چھ اگست 1945 کو ایٹم بم گرایا تھا جس میں ایک لاکھ 40 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ہیروشیما کے علاوہ امریکہ نے ناگاساکی پر بھی ایٹم بم گرایا تھا جس کے نتیجے میں دوسری جنگ عظیم کا اختتام ہوا تھا۔براک اوباما سے قبل سابق امریکی صدر جمی کارٹر نے بھی ہیروشیما کا دورہ کیا تھا لیکن ان کا یہ دورہ اس وقت پیش آیا جب ان کی صدارتی مدت ختم ہو چکی تھی۔صدر اوباما کے پریس سیکریٹری کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ہیروشیما کا تاریخی دورہ کریں گے۔ ان کے ہمراہ جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے بھی ہوں گے۔ ان کا یہ دورہ ایٹمی ہتھیاروں سے پاک عالمی امن اور استحکام کا عزم دہرانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔تاہم وائٹ ہاس نے ایٹم بم گرانے پر معافی مانگنے کے تاثر کو رد کیا ہے۔صدر اوباما کے مشیر برائے کمیونیکیشن بین روڈز نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ہمیشہ سویلین لیڈرشپ اور ان فوجیوں پر فخر کرتا ہے جنھوں نے دوسری جنگ عظیم میں حصہ لیا۔انھوں نے مزید کہا کہ اوباما دوسری جنگ عظیم میں جاپان پر ایٹم بم گرانے کے فیصلے کے بارے میں نہیں بلکہ دونوں ممالک کے مستقبل پر توجہ مرکوز کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ صدر کے دورے میں ان کو موقع ملے گا کہ وہ ان تمام معصوم لوگوں کو یاد کریں جنھوں نے اس جنگ میں اپنی جان کھوئی۔صدر براک اوباما جاپان میں جی سیون اجلاس میں حصہ لیں گے اور جاپانی وزیر اعظم سے ملاقات بھی کریں گے۔جاپان کے دورے سے قبل صدر اوباما ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں رہنماں سے ملاقات کریں گے اور امریکہ اور ویتنام کے تعلقات کے حوالے سے خطاب بھی کریں گے۔