خبرنامہ انٹرنیشنل

اوباما محمد علی کےجنازےمیں شرکت نہیں کریں گے

واشنگٹن:(اے پی پی) امریکی صدر براک اوباما جمعے کو سابق باکسنگ لیجنڈ محمد علی کے جنازے کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر اوباما اور ان کی اہلیہ مشعل اوباما جمعے کو اپنی بیٹی مارلیا کے ہائی سکول کی گریجویشن تقریب میں موجود ہوں گے۔وائٹ ہاؤس کے سینئیر ایڈوائزر والیری جیرٹ کا کہنا ہے کہ صدر اوباما اور ان کی بیوی بعد میں محمد علی کے خاندان کو ایک خط بھیجیں گے۔محمد علی کے خاندان کے ترجمان باب گنل کا کہنا ہے کہ صدر اوباما نے محمد علی کی بیوہ لینی سے ٹیلی فون پر بات کی۔دوسری جانب محمد علی کے جنازے کی جمعے کو ہونے والی عوامی تقریب میں کئی عالمی رہنما، مختلف ممالک کے سربراہان اور مشہور شخصیات حصہ لیں گی جن میں ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان اور اردن کے بادشاہ عبداللہ بھی شامل ہیں۔اس کے علاوہ برطانیہ کے سابق عالمی ہیوی ویٹ چیمپیئن لینوکس لیوس اور اداکار وِل سمتھ سابق عالمی چیمپیئن محمد علی کے جنازے کو کندھا دیں گے۔امریکہ کے سابق صدر بل کلنٹن اور اداکار بلی کرسٹل بھی جمعے کو ہونے والی تقریب میں بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔لوئی ول کا فریڈم ہال 18,000 نشستوں پر مشتمل ہے۔ محمد علی نے سنہ 1960 میں یہاں اپنے کریئر کا پہلا مقابلہ جیتا تھا۔