خبرنامہ انٹرنیشنل

اوباما مسلمانوں کو یورپ میں بسانے کی سازش کررہے ہیں،ہنگری

بداپسٹ :(اے پی پی) ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان کے چیف آف سٹاف کا کہنا ہے کہ امریکی صدر باراک اوباما اور امریکا یورپ کی جانب غیر قانونی ہجرت کی حمایت اس لیے کر رہے ہیں کیوں کہ وہ زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کو یورپ میں آباد کرنا چاہتے ہیں۔جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق ہنگری کے وزیر اعظم کے چیف آف سٹاف یانوش لازار نے امریکا اور امریکی صدر پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ غیر قانونی تارکین وطن کی یورپ کی جانب ہجرت کی حمایت اس لیے کر رہے ہیں کیوں کہ ’وہ یورپ میں زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کو آباد کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہنگری میں پیدا ہونے والے امریکی سرمایہ کار جارج سوروز صدر اوباما کی یورپ کے لیے ترتیب دی گئی مہاجرین سے متعلق پالیسی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس اعلیٰ عہدیدار کا کہنا تھا کہ ’کچھ امریکی گروہ‘ یورپ کو ’کمزور یا تحلیل کرنے کے درپے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ یوں یورپ امریکا کے ساتھ غیر مشروط تعاون کرنے پر مجبور ہو جائے ۔