خبرنامہ انٹرنیشنل

اوباما نے بیٹیوں کے ساتھ گیم کھیلا، آئس کریم کھائی

وائٹ ہاؤس:(ملت+اے پی پی) سے جلد ہی رخصت ہونے والے امریکی صدر اوباما نے کرسمس پر بیٹیوں کے ساتھ اسکیپ روم گیم کھیلی پھر آئس کریم کھائی ۔نو منتخب صدر ٹرمپ اہلیہ کے ہمراہ چرچ گئے اوردعائیہ تقریب میں شریک ہوئے ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کرسمس کی مبارکباد دی۔ صدر اوباما ان دنوں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ جزیرہ ہوائی میں کرسمس کی چھٹیاں گزار رہے ہیں ۔ کرسمس کے موقع صدر اوباما اپنی بیٹیوں ساشا اور مالیا کے ہمراہ لائیو ایکشن گیم’’Breakout Waikiki‘‘ کھیلتے رہے ۔ اس گیم میں کھلاڑی ایک کمرے میں بند ہو جاتے ہیں اور انھیں باہر نکلنے کے لیے داؤ پیج لڑانا پڑتے ہیں ،اس کے لیے ان کے پاس 60 منٹ کا وقت ہو تا ہے ۔ گیم سے فارغ ہونے کے بعد صدر اوباما اپنی بیٹیوں ساشا اور مالیا کے ہمراہ آئس کریم کھانے ایک مقامی آئس کریم پارلر جا پہنچے ، اس موقع پر خاتون اول مشیل اوباما ان کے ہمراہ نہیں تھیں ۔ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی اہلیہ ملائینا کے ہمراہ فلوریڈا کے اسی چرچ میں کرسمس کی خصوصی دعائیہ تقریب میں شرکت کی،جہاں انہوں نے 2005 ءمیں ملائینا سے شادی کی تھی ۔ اس موقع پر انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کرسمس کی مبارکباد بھی دی ۔