خبرنامہ انٹرنیشنل

اورلینڈو حملہ ، عمران یوسف ہیرو بن گیا

اورلینڈو(اے پی پی ) اورلینڈو میں کلب پر حملے کے دوران درجنوں امریکیوں کی جان بچانے والا سابق فوجی اہلکار ہیرو بن گیا ، عمران یوسف نے خوف اور دہشت کے عالم میں کلب کا پچھلا دروازہ کھول دیا تھا ۔ امریکی فوج کے سابق اہلکار کی حاضر دماغی نے اسے امریکی عوام کا ہیرو بنا دیا ۔ چوبیس سالہ عمران یوسف نے اورلینڈو کلب میں حملے کے دوران درجنوں امریکیوں کی جانیں بچائیں ۔ کلب میں ملازمت کرنے والے عمران یوسف نے فائرنگ کے دوران کلب کے پچھلے دروازے سے 70 افراد کو باہر نکالا ۔ عمران یوسف نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ انہیں افسوس ہے کہ وہ مزید لوگوں کو نہیں بچا سکے ۔ ان کا کہنا تھا میری خواہش ہے کہ میں مزید لوگوں کو بچا سکتا ، وہاں بہت سے لوگ تھے جو مارے گئے ۔ چوبیس سالہ عمران یوسف نے 2010 سے 15 تک امریکی بحریہ میں خدمات انجام دیں ، وہ افغانستان میں بھی تعینات رہا۔