خبرنامہ انٹرنیشنل

او آئی سی اجلاس کا اختتامی اعلامیہ کانفرنس کے آغاز سے پہلے لیک ہوگیا

استنبول (آئی این پی )ترکی کے شہر استنبول میں ہونے والے اسلامی سربراہ اجلاس کا اختتامی اعلامیہ کانفرنس کے آغاز سے پہلے ہی لیک ہو گیا، اختتامی اعلامیہ میں ایران، سعودی عرب اختلافات کا ذکر نمایاں ہے، اعلامیہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی پرتشدد کارروائیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارت مزاحمت اور دہشت گردی میں فرق کو سمجھے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسلامی سربراہ اجلاس جمعرات سے استنبول میں شروع ہو گیا ہے ۔ اجلاس کے آغاز سے پہلے ہی اختتامی اعلامیہ لیک ہو گیا جس کی تفصیلات سعودی میڈیا نے جاری کر دیں۔ اعلامیہ میں ایران، سعودی عرب اختلافات کا ذکر نمایاں ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایران پڑوسی ممالک کے داخلی امور میں عدم مداخلت ، خودمختاری کے احترام کی پالیسی اپنائے۔اعلامیہ میں شام، یمن، صومالیہ، بحرین میں ایران کی طرف سے دہشت گردوں کی مبینہ مدد کی مذمت بھی کی گئی ہے اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے سعودی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے تمام رکن ممالک کو اسلامی فوجی اتحاد کا حصہ بننے کی دعوت دی گئی ہے۔اعلامیہ میں آذربائیجان کے خلاف جمہوریہ آرمینیا کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آرمینیا پر نگورنا کاراباخ سے اپنی فوجوں کو فوری طور پر نکالے۔اختتامی اعلامیہ میں جموں کشمیر کے عوام اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کے حق خود ارادیت کے لیے اصولی حمایت کا اظہارکیا گیا اور بھارت کی جانب سے پرتشدد کارروائیوں اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ بھارت مزاحمت اور دہشت گردی میں فرق کرے۔