خبرنامہ انٹرنیشنل

اٹلی: ہوٹل پر برفانی تودہ گرنے سے 30 افراد دب گئے

ابروزو: (ملت+اے پی پی) اٹلی کے علاقے ابروزو میں زلزلے کے بعد ایک ہوٹل پر برفانی تودہ گر گیا ہے جس سے ہوٹل میں موجود تیس افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔ امدادی ٹیموں نے انسانی جانوں کو بچانے کیلئے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ امدادی کارروائیوں میں 20 فائر فائٹرز، ریکسیو کی دو ٹیمیں، 6 ایمبیولینسز اور مقامی پولیس کی بڑی تعداد حصہ لے رہی ہے جبکہ ہیلی کاپٹر کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے ہوٹل سے برف ہٹانے کا کام تیزی سے جاری ہے تاہم ابھی تک کوئی کامیابی نہیں مل سکی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ ہوٹل میں مقیم سیاحوں کے ساتھ تین بچے بھی ہیں۔ ایک دوسرے خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امدادی کارروائیوں میں 2 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے جنھیں طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ دیگر کو بچانے کیلئے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ کچھ میڈیا نے ہلاکتوں کی اطلاعات دی ہیں تاہم مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کے بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔