خبرنامہ انٹرنیشنل

ایتھوپیا، جیل میں آتشزدگی سے 23 سیاسی قیدی ہلاک،9زخمی

ادیس ابابا(آئی این پی) ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں سیاسی قیدیوں کے لیے بنائی گئی جیل میں آتشزدگی کے باعث 23 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکیمیڈیا کے مطابق ایتھوپیا کے سرکاری حکام نے بتایا ہے کہ آتشزدگی ادیس ابابا میں قائم قیلینتو کی جیل میں ہوئی جس کی سیکیورٹی انتہائی سخت ہے۔اس سے قبل حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ جیل میں آتشزدگی سے ایک شخص ہلاک اور6 زخمی ہوئے ہیں۔بعد ازاں حکام نے تصدیق کی کہ واقعے میں 23 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ہلاکتوں کی تعداد اس سے زیادہ ہے۔حکومتی بیان میں کہا گیا تھا کہ آتشزدگی سے 21 افراد ہلاک ہوئے جبکہ دیگر 2 جیل سے فرارہونے کی کوشش میں ہلاک ہوئے۔ایتھوپیا کے مقامی میڈیا نے دعوی کیا کہ جیل میں آتشزدگی کے دوران فائرنگ کی آواز سنی گئی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر آنے والی مذکورہ واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہر کے قریب قائم جیل سے دھواں اٹھ رہا ہے۔واقعے میں جیل کی 2 عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ 9 زخمی قیدیوں اور پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال اور دیگر قیدیوں کو فوری طور پر دوسری جیل میں منتقل کردیا گیا۔حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم فقری طورپر جیل میں آتشزدگی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔انسانی حقوق کی تنظیموں کے جاری اعدادوشمارکے مطابق گذشتہ سال نومبر سے اب تک حکومت مخالف احتجاج کرنے والے 400 سے زائد افراد سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں ہلاک کرچکے ہیں جبکہ سیکڑوں کو جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ ادیس ابابا کو ایک چارٹرڈ شہر اور ایک ریاست کی حیثیت حاصل ہے، یہ وہ شہر جس میں افریقی یونین کا صدر دفتر قائم ہے۔ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں اقوام متحدہ کا اقتصادی ہیڈکوارٹر واقع ہے اس کے علاوہ یہاں دیگر براعظم اور بین الاقوامی تنظیموں کے دفاتر موجود ہیں۔