خبرنامہ انٹرنیشنل

ایران، ‘بس بہت ہوچکا’: سعودی وزیر خارجہ

ایران، ‘بس بہت ہوچکا’: سعودی وزیر خارجہ
ریاض:(ملت آن لائن) سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں سعودی کارروائیاں ایران کی جارحیت کی وجہ سے کی گئیں، ساتھ ہی انہوں نے مستقبل میں لبنان کی تنظیم حزب اللہ کے خلاف کارروائیوں کا بھی اشارہ دے دیا۔ سعودی عرب اور ایران ایک دوسرے پر لبنان اور یمن میں مداخلت کے الزامات عائد کرتے رہتے ہیں۔ سعودی وزیر خارجہ نے خبررساں ادارے رائٹرز کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران کہا، ‘یہ ایران ہی ہے، جو جارحانہ انداز میں کارروائیاں کر رہا ہے، بس بہت ہوچکا، ہم انہیں مزید یہ سب نہیں کرنے دیں گے’۔ سعودی عرب کا ایران پر براہ راست فوجی مداخلت کا الزام دوسری جانب سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ لبنانی ملیشیا حزب اللہ خطے میں متعدد منفی کاروائیوں میں ملوث ہے۔ عادل الجبیر نے کہا کہ حزب اللہ لبنان میں مسئلے کی بنیاد ہے، اس لیے کہ اس نے لبنانی نظام کو یرغمال بنایا ہوا ہے اور متعدد عرب ممالک میں اس کی مداخلت کا سلسلہ جاری رہنے سے لبنان میں صورت حال بحران کا شکار ہوگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ملیشیا ایران کے ہاتھ میں ہتھیار بنی ہوئی ہے، حزب اللہ نے اسلحہ کویت اسمگل کیا، بحرین میں انتشار پیدا کیا اور یمن میں حوثیوں کی ہمت بڑھائی جبکہ وہ متعدد علاقوں میں ناکہ بندی کرکے بھوک و افلاس پھیلانے کی بھی ذمہ دار ہے۔
ایران کا سعودی عرب پر دہشتگردی کا الزام سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حزب اللہ ہر برائی کی جڑ ہے، اس لیے اس کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ خطے اور لبنان دونوں کے استحکام کے لیے خطرہ ہے اور حزب اللہ کے ساتھ نمٹنے کے لیے طریقہ کار تلاش کیا جانا چاہیے۔ سعودی وزیر خارجہ کے مطابق ایران حزب اللہ کو خطے میں اپنا رسوخ اور عدم استحکام پھیلانے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ دوسری جانب انہوں نے یمن سے ریاض پر بیلسٹک میزائل داغے جانے کی مذمت میں فرانس کے موقف کو بھی گراں قدر قرار دیا۔