واشنگٹن۔(ملت آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پابندیوں کے نتیجے میں ایران ایک نئے معاہدے پر رضامند ہو جائے گا اور اسی کے نتیجے میں ایران معاشی ترقی کرے گا۔ جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق ٹرمپ نے 2015 کی ایرانی جوہری معاہدے کو ایک مرتبہ پھر بیکار قرار دیا ہے۔ اس معاہدے سے امریکی صدر نے علیحدگی کا اعلان رواں برس مئی میں کیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ظالمانہ ایرانی حکومت‘ پر سخت ترین پابندیوں کا نفاذ کر دیا گیا ہے اور انہی شدید پابندیوں کے نتیجے میں ایرانی حکومت معاہدے کی کوشش کرے گی۔ امریکی صدر نے یہ بیان اپنے ملک کے وسط المدتی انتخابات کی انتخابی مہم کے دوران دیا۔