خبرنامہ انٹرنیشنل

ایران خطے میں امن واستحکام کا ضامن ہے، روسی صدر

ماسکو: (اے پی پی) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایران کو خطے میں امن و استحکام کا اہم ترین محرک قرار دیا ہے۔آذر بائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے صدر ولادیمیرپیوٹن نے کہا کہ ان کا ملک، ایران کو وسطی ایشیا کے عظیم علاقے اور کیسپیئن سی سے لیکر مشرق وسطی تک، امن و استحکام کے تحفظ کا اہم ترین عامل سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ علاقائی معاملات میں تعاون کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ روس اور ایران کے تعلقات اسٹریٹیجک ہیں اور ہم تہران کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔ صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ رواں سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران روس ایران تجارت میں ستر فی کا اضافہ ہوا ہے۔ روسی صدر نے کہا کہ ایران اور یوریشیا فری ٹریڈ زون کے قیام سے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کا راستہ ہموار ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے ماہرین، ایران یوریشیا فری ٹریڈ زون کے قیام سے متعلق رابطے میں ہیں اور اس پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس منصوبے پر دونوں ملکوں کے درمیان جلد اتفاق رائے ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ روس، ایران میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے دو اعشیاریہ دو ارب یورو کا سرمایہ بھی فراہم کرے گا۔ روس کے صدر کا کہنا تھا کہ ان کا ملک، جامع ایٹمی معاہدے کے تحت ایٹمی شعبے میں بھی ایران کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔