خبرنامہ انٹرنیشنل

ایران مشرقِ وسطیٰ کوعدم استحکام سےدوچارکررہا ہے، سعودی عرب

تہران : (اے پی پی) سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ ایران مشرق وسطیٰ کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔پیرس میں اپنے فرانسیسی ہم منصب جین مارک ایرالٹ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں عادل الجبیر نے کہا ہے پوری دنیا یہ بات جانتی ہے کہ ایران خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے کام کررہا ہے۔انھوں نے کہا کہ اگر ایران معمول کے تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے تو اس کو اچھے ہمسائیگی کے اصولوں کا احترام کرنا چاہیے۔عادل الجبیر نے لبنان کی ملیشیا حزب اللہ کی جانب سے ملک کے صدر کے انتخاب کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کی مذمت کی ہے۔فرانسیسی وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ بہت جلد لبنان کے دورے پر جائیں گے۔سعودی وزیر خارجہ نے فلسطینی تنازعے کے حل کے لیے عرب امن اقدام کا ذکر کرتے ہوئے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی اور انھیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔اس موقع پر انھوں نے فرانس کا مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے ملاقات میں شام میں جاری بحران پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے اور روس پر زوردیا ہے کہ وہ اپنے اتحادی شامی صدر بشارالاسد پر باغیوں کے ٹھکانوں اور خاص طور پر حلب شہر پر بمباری رکوانے کے لیے دباؤ ڈالے۔ڑاں مارک آریرونے کہا کہ جنگ بندی سے ہی شام میں قیام امن اور بحران کے سیاسی حل کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔ ڈاکٹر عادل الجبیر نے واضح کیا کہ شامی صدر بشارالاسد کے بارے میں سعودی مملکت کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور انھیں اقتدار چھوڑنا ہوگا۔واضح رہے کہ لبنان میں گذشتہ دو سال سے زیادہ عرصے سے صدر کا انتخاب عمل میں نہیں لایا جاسکا ہے۔