خبرنامہ انٹرنیشنل

ایران میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع ہیں، صدر روحانی

ایران میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع ہیں، صدر روحانی

تہران(ملت آن لائن) ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران کے تیل وگیس اور پیٹروکیمیکل کے شعبوں میں دو سو ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی گنجائش ہے۔ایران کے خبررساں ادارے کے مطابق صدر روحانی نے جنوبی صوبے ہرمزگان کی صوبائی کونسل کے اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ جامع ایٹمی معاہدے کے بعد ایران میں سرمایہ کاری کے میدان میں اچھی پیشرفت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت تیس ارب ڈالر سے زیادہ کی غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع اور فنانس موجود ہے جن سے صحیح طریقے سے استفادہ کیا جانا چاہئے تاکہ ایران کی ترقی وپیشرفت کے لئے وضع کئے گئے دائرہ کار میں تیزی کے ساتھ آگے کی جانب قدم بڑھایا جاسکے۔ صدر روحانی نے قزوین ، رشت اور رشت آستارا ریلوے لائن کے پروجیکٹ کی تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کے مکمل ہوجانے کے بعد وہ سامان جو بحیرہ عمان کے راستے خاص طور پربھارت سے روس اور یورپ جاتا ہے وہ ٹرینوں کے ذریعے روس اور یورپ منتقل کیا جاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ بندر عباس کے ساتھ ساتھ چابہار بندرگاہ سے بھی تجارتی سامان کی ٹرینوں کے ذریعے منتقلی تیز رفتاری کے ساتھ انجام پاسکے گی۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اپنے دورہ صوبہ ہرمزگان میں چودہ ترقیاتی اور تعمیراتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔