خبرنامہ انٹرنیشنل

ایران نے اپنے وعدوں پر عمل کیا، امریکا

واشنگٹن:(اے پی پی) امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہا ہے کہ ایران نے مشترکہ جامع ایکشن پلان کی بنیاد پر اپنے ایٹمی وعدوں پر عمل کیا ہے اور اب امریکا کو اپنے وعدوں کاپابند رہنے کے لیے غیرملکیوں کو پابندیوں کی خلاف ورزی کے بغیر تہران کے ساتھ تجارت کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا چاہیے۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق مارک ٹونر نے ایک پریس کانفرنس میں اس بات کا اعتراف کیا کہ ایران کے تجارتی معاملات اور تعاون نیز پابندیوں کے خاتمے بارے میں غیرملکی کمپنیوں اور ملکوں کی رہنمائی کرنا اور انھیں مشورے دینا امریکی حکومت کی ذمہ داری ہے۔انھوں نے مشترکہ جامع ایکشن پلان کے سلسلے میں امریکا کے اپنے وعدوں کے پابند رہنے بارے وزیر خارجہ جان کیری کے حالیہ بیان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ایران مشترکہ جامع ایکشن پلان کا پابند رہا ہے، امریکا کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومتوں، غیرملکی کمپنیوں اور بینکوں کو پابندیوں کے خاتمے کے دائرہ کار بارے آگاہی فراہم کرے۔امریکی صدر براک اوباما کے بعد وزیر خارجہ جان کیری نے بھی کہا ہے کہ ایران کو ڈالر تک رسائی کا حق حاصل ہے اور امریکی حکومت ایران کے ساتھ امریکی بینکوں کے ڈالر کے لین دین کا امکان فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے اس لیے کہ ایران نے اپنے ایٹمی وعدوں پر عمل کیا ہے۔