خبرنامہ انٹرنیشنل

ایران کو اس کی رقم سود سمیت واپس کی ، وائٹ ہائوس

وائٹ ہاؤس:(اے پی پی) وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران کو دی جانے والی رقم ایران ہی کی ملکیت تھی ،جو اسلامی انقلاب سے قبل امریکا کو فوجی سامان خریدنے کے لئے دی گئی تھی۔ جوش ارنسٹ کا میڈیا سے گفتگو میں کہناتھاکہ 1981ء میں ایران کی جانب سے امریکی فوجی سامان خریدنے کے لیے 40 کروڑ ڈالر کی رقم دی گئی، جو ایران میں اسلامی انقلاب کے ایرانی اکاؤنٹس کے منجمد ہونے کے باعث واپس نہیں کی جاسکی تھی، جسے امریکا نے سود سمیت واپس کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ 40 کروڑ ڈالر کی رقم کے عوض ایران کی جانب 4 امریکی قیدیوں کو آزاد کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، جن کو جہاز کے ذریعے امریکا لایا گیا۔ پہلی بار انتظامیہ کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی کہ امریکی قیدیوں کی رہائی کے لیے ایران کو تعاون کے طور پر رقم دی گئی۔ امریکی صدر اور ریاست کے سیکرٹری جان کیری نے ان تمام الزامات کو مسترد کردیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ مرکزی بینک سے لین دین کی قسم ہے۔