واشنگٹن(اے پی پی)امریکا کا کہنا ہے کہ وہ حالیہ میزائل تجربات پر ایران کے خلاف کارروائی کے لیے اقوام متحدہ پر دباؤ جاری رکھے گا ۔
روس نے سلامتی کونسل میں میزائل تجربات پر ایران کے خلاف پابندیوں کی مخالفت کردی۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا کہ ایران کے خلاف مزید پابندیاں خارج از امکان نہیں۔ امریکا کی درخواست پر ایران کے میزائل تجربات کے معاملے پر غور کے لیے سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران روسی سفیروٹالی چکرین نے کہا کہ ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل تجربات اقوام متحدہ کی قرارداد کی خلاف ورزی نہیں ہے۔ اجلاس کے بعد امریکی سفیر سمانتھا پاور نے روس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماسکو کی مخالفت کے باوجود امریکا ایران کے خلاف کارروائی کے لیے اقوام متحدہ پر دباؤ ڈالتا رہے گا۔ ادھر وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹ کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرنا خارج از امکان نہیں۔ ایران کے میزائل تجربات کے معاملے پر امریکا دیگر ممالک کے ساتھ مشاورت کر رہا ہے۔